ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جو نہ بولے جئے سری رام، بھیجو اُس کو قبرستان، فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے والا گیت سامنے آنے کے بعد مسلمانوں میں سخت ناراضگی 

جو نہ بولے جئے سری رام، بھیجو اُس کو قبرستان، فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے والا گیت سامنے آنے کے بعد مسلمانوں میں سخت ناراضگی 

Sun, 21 Jul 2019 11:38:13    S.O. News Service

نئی دہلی، 21/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ملک میں ماب لنچنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ نفرت اپنے شباب کو پہنچ رہی ہے، ہر طرف افراتفری کا ماحول ہے۔ ملک کی ایسی صورت حال میں ایک ایسا ویڈیو جاری کیاگیا ہے جس کا گیت ملک میں فرقہ واریت کی آگ لگانے والا ہے۔ اس کا مکھڑا ہے۔ ”سب بھاری، بھگوا دھاری، جو نہ بولے جئے سری رام، بھیجو اُس کو قبرستان،“ اس گیت کو لکھنے والے  سنتوش یادو ہیں، موسیقی میورملٹی ٹریک، اس کے ایڈیٹر کنال سونکر اور گلوکار ورون بہار ہیں۔  یو ٹیوب چینل پر آپ لوڈ کی گئی وڈیو  میں کچھ نوجوان  لڑکے اور لڑکیاں ڈانس کررہے ہیں۔  اس کے علاوہ اس میں تلوار لیے ہوئے لوگ، اسلحہ سے لیس لوگ دکھائے گئے ہیں۔  یوٹیوب پر اس وڈیو کے سامنے آنے کے بعد مسلمانوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے اور  عوام کا ایک بڑا طبقہ  اس سلسلے میں سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔

ممبئی کے معروف اخبار روزنامہ انقلاب کی رپورٹ کے مطابق  یہ ویڈیو بہار سے جاری کیا گیا ہے چنانچہ اس سلسلہ میں سب سے پہلے جنتادل سیکولر کے جنرل سکریٹری اور سابق رکن پارلیمنٹ کے سی تیاگی  سے متعلقہ اخبار کے نمائندے نے خصوصی گفتگو کی ہے  جس کے جوا ب میں  کے سی تیاگی   نے کہا کہ سماج میں کوئی بھی فرقہ واریت کو پھیلانے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی اور ہماری سرکار ایسی چیزوں کے ہمیشہ خلاف رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نفرت پھیلانے اور ایک خاص مذہب کے لوگوں کو ٹھیس پہنچانے والا جو ویڈیو جاری کیاگیا ہے وہ سماج ہی نہیں بلکہ آئین کے بھی خلاف ہے چنانچہ اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے خلاف بہارحکومت بھی ایکشن لے گی۔ 

کانگریس کے قومی ترجمان م  افضل نے کہا کہ جس نے بھی یہ گیت تیار کیا ہے اور یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہو نی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو پر پابندی عائد کی جانی چاہئے اور جس گروپ نے اس کو جاری کیا ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں جو گیت ہے وہ ایسا ہے کہ اس کو پورا سن بھی نہیں سکتے۔ میں ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ  سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ ویڈیو کو سنیں اور پھر بتائیں کہ آخر اس ملک میں کیا ہورہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو بھی اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ سی پی آئی کے قومی سیکریٹری اتل کمار انجان نے کہا کہ اس وقت بہار میں کمل آسن چل رہا ہے، سوشاسن کی بات بیکار کی بات ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق عالمی اردو ٹرسٹ کے چیئرمین اور ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اے رحمن  اس وڈیو کے خلاف دہلی سائبر کرائم برانچ  میں مقدمہ درج کرانے کی تیاری کررہے ہیں  اور اس کی شکایت دہلی کے پولیس کمشنر سے بھی کرنے والے ہیں  تا کہ اس گیت کو آگے بڑھنے سے روکا جاسکے اور ملک کو جلنے سے بچایا جاسکے۔


Share: